خاندانی پس منظر اور صحافتی روایت
روزنامہ جمہورستان کے بانی جناب غلام محمد کھرل ولد احمد دین کھرل کا تعلق چک موہلیانوالا (ضلع فیصل آباد) سے تھا۔ ان کے والد محترم احمد دین کھرل علاقے کے معروف نمبردار، نہایت نیک دل اور دین دار شخصیت تھے۔ وہ دینی کتب کی اشاعت کا شوق رکھتے تھے؛ ان کے صاحبزادے (غلام رسول، غلام محمد اور غلام علی) خود دینی کتب کی کتابت کرتے اور سائیکل پر فیصل آباد سے لاہور جا کر انہیں شائع کرواتے اور گردونواح میں تقسیم کرتے تھے۔ احمد دین کھرل کی پوری زندگی نیکی، اصول پسندی اور اعلیٰ معاشرتی اقدار کی ایک روشن مثال تھی۔
جمہورستان — ایک ورثہ، ایک ذمہ داری
رائے پرویز احمد کھرل کی وفات کے بعد رائے نوید احمد کھرل نے روزنامہ جمہورستان کو اپنے والد غلام محمد کھرل اور دادا احمد دین کھرل کی یادگار اور صحافتی ورثہ سمجھتے ہوئے اسے مزید آگے بڑھانے کا عزم کیا۔
ان کی کوششوں سے روزنامہ جمہورستان نے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اپنی صحافتی سرگرمیوں کو وسعت دی اور حکومتی، سیاسی، سماجی اور ترقیاتی امور کو بھی اپنی کوریج کا حصہ بنایا۔
آج اخبار میں حکومتی اقدامات، ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل، ملکی و قومی خبریں، سیاسی سرگرمیاں، اہم شخصیات کے حوالے سے مضامین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے متعلق خبریں و کالمز شائع کیے جاتے ہیں۔