ساہیوال: مختلف علاقوں میں 7 لڑکیوں کے اغوا کے واقعات، 27 لاکھ روپے مالیت کا مال بھی لوٹ لیا گیا

ساہیوال: مختلف علاقوں میں 7 لڑکیوں کے اغوا کے واقعات، 27 لاکھ روپے مالیت کا مال بھی لوٹ لیا گیا

ساہیوال (خصوصی رپورٹ): ساہیوال اور گردونواح میں اغوا کے پے در پے واقعات نے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی۔ مختلف واقعات میں 7 لڑکیوں کو مبینہ طور پر اغوا کیا گیا، جن میں تین طالبات اور دو حقیقی بہنیں بھی شامل ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کے گھروں سے مجموعی طور پر تقریباً 27 لاکھ روپے نقدی اور طلائی زیورات بھی لوٹ لیے گئے۔

پولیس کے مطابق ان واقعات کے سلسلے میں 6 الگ الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں، جبکہ 8 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اغوا ہونے والی کم عمر طالبات میں سے دو کو بازیاب بھی کر لیا گیا ہے۔

ضلع کے مختلف علاقوں میں چھ واقعات

پہلا واقعہ طارق بن زیاد کالونی میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر تین افراد نے ایک دکاندار کی بہن کو گاڑی میں زبردستی بٹھا کر اغوا کر لیا۔

دوسرا واقعہ رحمت ٹاؤن، 87/9L میں پیش آیا، جہاں 17 سالہ لڑکی گھر سے قریبی دکان پر سودا لینے گئی تھی کہ مبینہ طور پر گاڑی میں سوار افراد اسے اپنے ساتھ لے گئے۔

چک 93/9L میں 13 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر ایک ڈلیوری وین میں زبردستی بٹھا کر لے جایا گیا۔ واقعے کے دوران متاثرہ خاندان کے گھر سے تقریباً 17 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور نقدی بھی چوری کیے گئے۔

اسی نوعیت کا ایک واقعہ چک 187/9L میں پیش آیا، جہاں 13 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر ایک گاڑی میں سوار افراد نے اغوا کیا۔

ایک انتہائی افسوسناک واقعہ چک 65/4R میں پیش آیا، جہاں والدین جنازے میں شرکت کے لیے گئے ہوئے تھے اور گھر میں موجود دو بہنوں کو مبینہ طور پر مسلح افراد نے گھر میں داخل ہو کر اغوا کر لیا۔ ملزمان گھر سے تقریباً 10 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور نقدی بھی لے گئے۔

چھٹا واقعہ چک 13/14L میں پیش آیا، جہاں ایک اسکول ٹیچر کی بیٹی، جو کالج میں فرسٹ ایئر کی طالبہ ہے، کالج جاتے ہوئے مبینہ طور پر اغوا کر لی گئی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کی کارروائی

پولیس کے مطابق فرید ٹاؤن، غلہ منڈی، یوسف والا، ڈیرہ رحیم، نور شاہ اور کسووال کے تھانوں میں متاثرہ خاندانوں کی درخواستوں پر تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 365-B کے تحت 6 الگ الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک 8 مشتبہ افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں جبکہ دو کم عمر طالبات کو بحفاظت بازیاب کر لیا گیا ہے۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری اور مغویوں کی بازیابی کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *