ساہیوال: یو بی ایل امین برانچ میں مبینہ 20 کروڑ روپے کا فراڈ، برانچ منیجر فرار

ساہیوال (خصوصی رپورٹ): ساہیوال کے فائیو وے چوک میں واقع یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (UBL) امین برانچ میں مبینہ طور پر 20 کروڑ روپے سے زائد کے مالی فراڈ کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ متاثرہ شہریوں کے مطابق برانچ منیجر مبینہ طور پر فرار ہو چکے ہیں۔ متاثرین نے معاملے کی تحقیقات کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) سے رجوع کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کو جمع کرائی گئی ایک شکایت میں محمد رمضان کاشف، جو چک نمبر 81/5-R کے رہائشی اور گزشتہ 20 سال سے تعمیراتی شعبے سے وابستہ ہیں، نے برانچ منیجر رانا نوید احمد اور دیگر مبینہ ساتھیوں پر جعل سازی، فراڈ اور رقم میں خردبرد کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

شکایت کے مطابق برانچ منیجر نے بینک کے اہداف پورے کرنے کا جواز پیش کرتے ہوئے ایک صارف کو اپنا پرانا اکاؤنٹ بند کرکے نیا اکاؤنٹ کھولنے پر آمادہ کیا۔ اس دوران بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے 35 لاکھ 62 ہزار روپے کی رقم صارف کے بیٹے کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا کہا گیا۔

شکایت کنندہ کے مطابق بعد ازاں مبینہ طور پر بائیومیٹرک ڈیٹا اور جعلی دستخطوں کا استعمال کرتے ہوئے رقم ایک مشترکہ اکاؤنٹ میں منتقل کردی گئی، جبکہ متاثرہ شخص کو جعلی ڈپازٹ سلپ فراہم کی گئی۔

ایک اور الزام کے مطابق متاثرہ شہری نے بینک برانچ میں گواہوں کی موجودگی میں 85 لاکھ 68 ہزار روپے نقد جمع کروائے۔ شکایت کے مطابق برانچ منیجر نے رقم وصول کرکے عملے سے گنوائی، تاہم رقم اکاؤنٹ میں جمع نہیں کی گئی اور بعد میں واٹس ایپ کے ذریعے سادہ کاغذ پر رسید فراہم کی گئی۔

شکایت کے مطابق جب متاثرہ شہری نے اپنی مجموعی طور پر مبینہ طور پر غائب ہونے والی 1 کروڑ 21 لاکھ 30 ہزار روپے کی رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا تو اسے مبینہ طور پر میزان بینک کے دو ذاتی چیکس دیے گئے، جو بینک میں پیش کیے جانے پر باؤنس ہوگئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *